Pages

Thursday, 11 August 2011

شنوک مار گرانے والے ’طالبان ہلاک


افغانستان میں نیٹو حکام نے امریکی شنوک ہیلی کاپٹر کو جس میں اڑتیس امریکی اور افغان فوجی سوار تھے مار گرانے والے طالبان کو ایک فضائی حملے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جون ایلن نے کہا ہے کہ ان طالبان کو سوموار کو ایف سولہ طیارے کے ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

شنوک ہیلی کاپٹر کے گرنے کے بعد طالبان نے اسے نشانہ بنانے کا دعوی کیا تھا لیکن نیٹو حکام نے کوئی واضح بیان نہیں دیا تھا۔

بعد ازاں امریکی فوج نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے والے طالبان کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

امریکی فوج نے کہا کہ اس حملے میں طالبان کمانڈر ملا محب اللہ کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے جو ایک درجن سے زیادہ مزاحمت کاروں کی کمان کر رہے تھے۔

تباہ ہونے والے شنوک ہیلی کاپٹر میں امریکی فوج کے اعلی تربیت یافتہ یونٹ سیل ٹیم سکس کے کمانڈوز تھے۔ اسی یونٹ کے کمانڈوز نے مئی میں پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں آپریشن کر کے اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔

شنوک حملے میں ہلاک ہونے والوں میں افغان کمانڈوز، ایک افغان مترجم ، امریکی فضائی کے اہلکار اور ایک فوجی کتا اور شنوک ہیلی کاپٹر کا عملہ بھی شامل تھا۔

واشنگٹن میں وزارتِ دفاع پینٹاگون میں بدھ کو اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے جنرل ایلن نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی تباہی کے بعد بین الاقوامی فوج نے مزاحمت کاروں کو ڈھونڈا اور انہیں ہلاک کر دیا۔

جس فوجی کارروائی میں ہیلی کاپٹر تباہ ہوا اس کی تفصیل بتاتے ہوئے امریکی فوجی کمانڈر نے کہا کہ وردگ صوبے کی وادئ تنگی میں طالبان کمانڈر کا پیچھا کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی رینجرز کے ساتھ ایک جھڑپ کے بعد بھاگنے والے طالبان کے پیچھے ایک شنوک ہیلی کاپٹر روانہ کیا گیا۔ لیکن مزاحمت کاروں نے ہیلی کاپٹر کو راکٹ پروپیلڈ گرنیڈ سے نشانہ بنایا۔

امریکی فوج نے ان طالبان کا سوموار کو پتہ لگا لیا اور ایف سولہ طیارے کو انہیں نشانہ بنانے کے لیے کہا گیا۔

جنرل ایلن نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی تباہی کے اس واقع کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جا سکے کہ آیا ہیلی کاپٹر کو چھوٹے ہتھیاروں سے بھی نشانہ بنایا گیا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال فوج نے کئی ہزار کارروائیاں کی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ شنوک ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے۔

امریکی صدر براک اوبامہ وزیر دفاع لیون پنیٹا کے ساتھ منگل کو امریکی ریاست ڈلاویر میں اُس فوجی اڈے پر گئے جہاں شنوک ہیلی کاپٹر میں مرنے والے فوجیوں کی لاشیں پہنچائی گئی تھیں۔

امریکی فوج افغانستان میں اپنے اعلی تربیت یافتہ خصوصی دستوں کے ذریعے طالبان کے خلاف رات کے وقت کارروائیاں کر رہی ہے۔

No comments:

Post a Comment