صوفی اور ہندی فلموں کی گلوکارہ ریکھا بھردواج کا کہنا ہے کہ موسیقی انجان لوگوں کو بھی جوڑ دیتی ہے اور یہ تعلق کبھی کبھی خوبصورت رشتوں میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بات بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے پاکستانی مداحوں کے حوالے سے کہی۔
نمک عشق کا ، راجھا رانجھا اور سسرال گیندا پھول جیسے مقبول گیت گانے والی ریکھا کا کہنا تھا کہ ’آج ہم انٹرنیٹ کے ذریعے بہت سارے لوگوں سے جڑ جاتے ہیں۔ ایک پاکستانی لڑکی کائنات میرے نغمے بہت سنتی ہے. اس سے فون پر بات ہوتی ہے ، وہ مجھے آپا بلاتی ہے. وہ کہتی ہے کہ میری البم ’اشكا اشكا‘ اسے بہت پسند ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’خوشی ہوتی ہے جب موسیقی آپ کو نامعلوم لوگوں سے جوڑ دیتی ہے اور وہ تعلق خوبصورت رشتوں میں تبدیل ہو جاتا ہے‘۔
ویسے تو ریکھا بھردواج اب تک ایک ہی بار پاکستان گئی ہیں لیکن ان کا پاکستان سے رشتہ بچپن میں جڑ گیا تھا۔
ہندوستان اور پاکستان کی بات کریں ، تو سیاسی سطح پر جو بھی مشکلات ہیں ، لیکن عام لوگ تو وہی ہیں ، ہمارے جیسے ہی ہیں وہ بھی. یہ تو سرحدیں كھنچ گئیں ، نہیں تو ہم لوگ تو سب ساتھ ہی تھے. ہم لوگوں کا (ہندوستان اور پاکستان) خاص طور پر موسیقی کی وجہ سے جو تعلق ہے ، محبت ہے ، وہ بالکل ہی مختلف ہے۔
ریکھا بھردواج
ریکھا نے بتایا، ’میرے والد موسیقی کا شوق رکھتے تھے۔ انہوں نے دہلی میں اردو کی تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کے سب سے اچھے دوست احسان صاحب تقسیم میں پاکستان چلے گئے تھے۔ سنہ 1976 میں جب میں بہت چھوٹی تھی ، تب احسان صاحب کے بیٹے اور ان کے دوست ہندوستان آئے اور میں نے ان سے کچھ نغمے سیکھے. وہ ان سے جڑنے کا ایک طریقہ تھا‘۔
ریکھا خود سنہ 2006 میں کارا فلمی میلے میں شرکت کے لیے کراچی گئی تھیں جہاں ان کے شوہر اور ہدایت کار وشال بھردواج کی فلم اوم كارا دکھائی گئی تھی۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے ریکھا نے کہا ، ’ویسے بہت سوچتے تھے کہ وہاں کے لوگ کیسے ہوں گے، لیکن. جو پیار وہاں پر ملا وہ ناقابلِ بیان ہے‘۔
ریکھا نے اگرچہ اب تک پاکستان میں اپنے فن کا مظاہرہ نہیں کیا ہے لیکن پھر بھی وہ پاکستانیوں کے لیے انجان نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ، ’میری البم ، اشكا اشكا کے گانے ’تیرے عشق میں‘ پر وہاں اسی نام کا ایک سیریل بھی بنایا گیا جس میں یہ نغمہ بطور ٹاٹل سونگ استعمال کیا‘۔